ریاض : یمن کے شمالی صوبے صعدہ سے حوثی باغیوں کے ذریعہ مکہ مکرمہ پر
بیلسٹک میزائل داغے جانے کی سعودی عرب کی کابینہ نے شدید مذمت کی ہے اور اس
کو ننگی جارحیت قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان
بن عبدالعزیز کے زیر صدارت سعودی کابینہ کا ایک اجلاس منعقعد کیا گیا ، جس
میں جہاں مختلف امور پر غور کیا گیا وہیں حوثی باغیوں کے مکہ مکرمہ پر
میزائل حملہ کی بھی شدید تنقید کی گئی ۔ سعودی کابینہ نے حوثی ملیشیا کی
جانب سے مکہ کی جانب داغے گئے بیلسٹک
میزائل کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور محسوسات کو مجروح کرنے کی ایک کوشش
قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس حملے کی اسلامی اور عرب دنیا اور دوست مسلم
ممالک اور تنظیموں نے شدید مذمت کی ہے ۔ شاہ سلمان کی کابینہ نے سکیورٹی فورسز کی ملکی سرحدوں اور مقامات مقدسہ کے
دفاع کے لیے کوششوں کو سراہا ۔ اس نے سعودی عرب کے اقوام متحدہ کے تحت
انسانی حقوق کونسل کے چوتھی مرتبہ بطور رکن انتخاب کا بھی خیرمقدم کیا ۔